پی سی بی نے وزیراعظم ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ روپے سے زائد رقم عطیہ کردی
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے وزیراعظم ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ پانچ لاکھ چھتیس ہزار پانچ سو روپے کی رقم عطیہ کردی ہے۔ یہ رقم کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لیے خرچ کی جائے گی۔
پی سی بی نے 25 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی اور پی سی بی کے ملازمین اپنی تنخواہوں میں سے ایک مخصوص حصہ فنڈ میں عطیہ کریں گے جبکہ بطور ادارہ پی سی بی نے بھی ملازمین کی جانب سے عطیہ کی جانے والی کُل رقم کے برابر امداد عطیہ کی۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ وہ تمام سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں اور پی سی بی کے ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے وباء سے نمٹنے کے لیے قائم کردہ وزیراعظم کورونا وائرس ریلیف فنڈ میں فراخدلی سے عطیات دئیے۔
انہوں نے کہا کہ اس عمل سے ایک بار پھر واضح ہوتا ہے کہ کرکٹ نے عملی طور پر اپنے فینز، سپورٹرز اور فالوورز کی عزت، احترام اور دیکھ بھال کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔
احسان مانی نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہم اپنے پیرامیڈیکس اور اس وباء سے نمٹنے والے صف اول کے دیگر جنگجوؤں کے لیے دعاگو ہیں۔
انہوں نے کہا ہم پرامید ہیں کہ حکومت اس وباء پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائے گی۔
وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک سرگرم ادارے کی حیثیت سے حکومت کے ساتھ تعاون کیا، پی سی بی نے اس وباء سے نمٹنے کے لیے عوام میں شعوری پیغامات بھی اجاگر کیے۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے اب ایک قدم آگے بڑھ کر ایک بڑی رقم عطیہ کی ہے، یہ رقم ہمارے صف اول کے جنگجوؤں اور پسماندہ طبقات کی مدد کے لیے استعمال کی جائے گی۔
ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ وہ حکومت کی طرف سے پی سی بی کا شکریہ ادا کرتی ہیں اور انہیں امید ہے کہ اجتماعی مقاصد کے اصول میں پی سی بی ایک برانڈ کی حیثیت سے تعاون جاری رکھے گا۔
Comments are closed on this story.